1994ءکو گودھرا کالونی کراچی سے جامعۃُ المدینہ کی پہلی برانچ کا آغاز ہوا اور پھر 1995 میں سبز مارکیٹ جبکہ 1996ء کو فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور میں جامعۃُ المدینہ کی تیسری برانچ شروع ہوئی۔ مجھے یہ سعادت حاصل ہےکہ جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور میں پہلا داخلہ لینے کا شرف میرے حصے میں آیا۔ اللہ تعالیٰ جل شانہ کے فضل و کرم سے جامعۃُ المدینہ کی ابتدا سے لے کر اب تک کے تقریباً تمام ہی ادوار کو دیکھنے کا موقع میسر رہا ہے۔اداراتی معاملات سے وابستہ افراد بخوبی جانتے ہیں کہ ادارہ چلانا اور اس کے نظام کو اپنی سوچ اور اپنے اہداف کے مطابق لے کر آگے بڑھنا اور مسلسل بڑھتے چلے جانا از حد دشوار ہوا کرتا ہے۔ ادارہ پھولوں کی سیج پر بیٹھ کر حکم نامہ جاری کرنے سے نہیں بلکہ کانٹھ دار اور سنگلاخ وادیوں کو اپنے خونِ جگر کا نذرانہ پیش کر کے چلایا جاتا ہے۔یوں تو محض ایک ادارہ ہی زندگی گزارنے کے لئے کافی ہوا کرتا ہے لیکن وہ شخصیت جس نے نسلوں کے ایمان کے تحفظ کی فکر میں اپنی راتوں کی نیند قربان کی ہو ان کے اہداف کے پیشِ نظر ہزاروں ادارے بھی کم نظر آتے ہیں۔
امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری دامت فیوضاتہم القدسیہ کا مبارک ذہن یہ ہے کہ ہر گھر میں کم اَز کم ایک عالم ہونا چاہئے اسی پاکیزہ سوچ کی برکتیں ہیں کہ ایک سے دو، دوسے تین کا سفر مسلسل چلتا رہا۔ جامعۃُ المدینہ کا قیام بیسویں صدی عیسوی کے آخر میں ہوااور اکیسویں صدی کی ابتدا میں ہی دعوتِ اسلامی میں ایک عظیم انقلابی کام ہوا جس نے دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کی ترقی کو مزید باغ و بہار بنا دیا۔ وہ عظیم اور بابرکت کام دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کا قیام ہے۔ 21ستمبر 2000ء کو امیرِاہلِ سنّت حضرۃ العلّام مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت فیوضاتہم القدسیہ نے مرکزی مجلسِ شوریٰ بنا کر دعوتِ اسلامی میں ایک نئی روح پھونک دی۔
کہا جاتا ہے: ”فعلُ الحکیمِ لا یَخلُو عن الحکمۃِ“ یعنی حکیم کا کوئی کام حکمت سے خالی نہیں ہوتا۔
شوریٰ کے قیام کے بعد دعوتِ اسلامی میں نئے نئے شعبہ جات کے قیام اور چلتے ہوئے شعبہ جات کی اٹھان اپنی مثال آپ ہے۔
جامعۃُ المدینہ نے جو سفر 1994ء سے شروع کیا وہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے قیام تک 12برانچز تک پہنچا۔جامعاتُ المدینہ کی 1124برانچز قائم ہوچکی ہیں۔جامعۃُ المدینہ محض ایک ادارے کا نام نہیں ہے بلکہ اس ادارے کے اندر ایک پورا جہان آباد ہے۔ آپ کو یہ جان کر خوشگوار حیر ت ہوگی کہ جامعۃُ المدینہ کے تحت 16شعبہ جات قائم ہیں جو مختلف حوالوں سے طلبۂ کرام کی استعداد بڑھانے اور سسٹم کو جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانے میں مصروف عمل ہیں۔اس مختصر تحریر میں ان تمام شعبہ جات کا احاطہ ممکن نہیں۔ مختصر یہ عرض کروں گاکہ جامعۃُ المدینہ دعوتِ اسلامی کا مغز ہے، جامعۃُ المدینہ جہالت کے اندھیروں میں روشنی کا مینار ہے، جامعۃُ المدینہ علم کی خوشبوؤں سے دنیا بھر کو مہکانے کا ذریعہ ہے، جامعۃُ المدینہ منبر و محراب کی آواز کو مزید مضبوط اور بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
اللہ تعالیٰ جل جلالہ کی بارگاہ اقدس میں دعا ہےکہ
اے خدا ایں جامعہ قائم بدار
فیض او جاری شود لیل و نہار
رکن شوریٰ حاجی اسد عطاری المدنی