جامعۃ المدینہ گلوبل ویب سائٹ میں خوش آمدید ملحق شدہ کنزالمدارس بورڈ انٹرنیشنل
تاریخ : 2025-03-01

شعبہ اصلاحِ اعمال

 تعلیم کے ساتھ عمل کا جذبہ بیدار رکھنے کے لئے طلبہ میں مبلّغ وداعی کے اوصافِ جمیلہ اور دعوتی اسکل پیدا کرنے کے لئے نیکی کی دعوت عام کرنے کی عمَلی مشق بھی کروائی جاتی ہے جنہیں دعوتِ اسلامی کی اصطلاح میں ”دینی کام“ کہا جاتا ہے جو در حقیقت دعوتِ دین کے آسان اور تجربہ شدہ طریقے ہیں۔ مثلاً نمازِ فجر کے لئے لوگوں کو جگانا، بعدِ فجر درس و تفسیر اور اجتماعی طور پرشجرۂ قادریہ پڑھنے کا اہتمام کرنا، مسجد اور چوک میں شرعی تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے درس دینا، ہفتے میں ایک دن علاقائی دورہ یعنی عصر تا مغرب لوگوں سے ملاقات کرکے نماز کی دعوت دینا، جمعرات کو بعدِ مغرب سنّتوں  بھرے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنا اور لوگوں کو شرکت کروانا، ہفتہ کی شب مدنی مذاکرے میں شرکت کرنا، کروانا اور سال کے اکثر مہینوں میں 3 دن بشمول جمعہ راہِ خدا کے مسافر بن کر مختلف علاقوں میں مذکورہ بالا کام کرنا جس کی تنظیمی تعبیر ”مدنی قافلہ“ ہے۔ اس کے علاوہ جو طلبہ بخوشی اپنا نام پیش کرتے ہیں انہیں 12ماہ کے لئے مختلف علاقوں میں دینی ضرورتوں کے پیشِ نظر تبلیغی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے بھیجا جاتا ہے جس سے ان کے اندر دینی دعوتی مزاج، خود اعتمادی، مختلف حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے اور لوگوں کے درمیان رہ کر دینی کام کرنے کا جذبہ اور دینی درد جیسے ضروری دعوتی اوصاف میں نمایاں ہو جاتےہیں۔

روزانہ اپنے اعمال کا مُحاسبہ کرنا بھی ان کاموں میں شامل ہے تاکہ مبلّغ خود اپنی اصلاح سے غافل نہ ہوجائے محاسَبہ کے لئے ”نیک اعمال“ کا رِسالہ ہے جو چھوٹے چھوٹے سوالات پر مشتمل ہے ہر سوال کے آگے 31 چھوٹے کالم بنے ہوتے ہیں اعمال کا محاسبہ کرتے وقت ہاں یا نہیں میں ان کالمز کو بھرنا ہوتا ہے طلبہ کے لئے 92، طالبات کے لئے 83، مَردوں کے لئے 72، عورتوں کے لئے 63 جبکہ حفظ و ناظرہ کے بچّوں کے لئے 40، گونگے، بہروں کے لئے 27، قیدیوں کے لئے 52 اور حج و عمرہ پر جانے والوں کے لئے 19 سوالات ہیں جو شرعی، روحانی،   اخلاقی اور تربیتی اصلاح و درستی پر مشتمل ہوتے ہیں۔